وحدت نیوز(سکھر) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے قرنطینہ سینٹر سکھر پہنچ کر زائرین سے ملاقات کی اور مختلف بلاکس میں محصور زائرین سے بات چیت کی اور ان کے مسائل دریافت کئے۔ اس موقعہ پر مجلس وحدت مسلمین ضلع سکھر کے سیکرٹری جنرل سید عباس شاہ برادر آفتاب میرانی سید غلام شبیر نقوی سید علی رضا شاہ و دیگر ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ کرونا کی وبا کا مقابلہ قومی وحدت عزم اور ہمت سے کریں گے۔ وطن عزیز پاکستان کی حکومت اور عوام کے مختلف طبقات مل کر اس مشکل صورتحال کا مقابلہ کریں۔ زائرین کے لئے مجلس وحدت مسلمین و دیگر ملی تنظیموں کے رضاکاروں کی خدمات قابل ستائش ہیں جبکہ حکومتی انتظامات بھی قدرے بہتر ہیں۔ حکومتی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے رضاکار حکومت کے شانہ بشانہ اپنے عوام اور مومنین کی خدمت میں مصروف ہیں۔
انہوں نےکہا کہ کرونا سے نمٹنے کیلئے ہمیں مل کر کوشش کرنی چاہیے۔ سکھر میں ملی تنظیموں نے خدمت اور وحدت کی بہتر مثال پیش کرنی ہے۔انہوں نےکہا کہ قرنطینہ کیمپ میں زائرین کی شکایات کا ازالہ کرتے ہوئے ڈاکٹرز اور ادویات سے متعلق خدمات کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر زائرین نے مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ زائرین کی میڈیکل رپورٹس سے متعلقہ زائر اور ملت کے ذمہ داران کو مطلع کیا جائے۔ زائرین نے بتایا کہ دو ھفتے تفتان بارڈر پر اذیت ناک صورتحال سے گذارنے کے بعد ہمیں سکھر میں لایا گیا ہے لہذا قرنطینہ کی مدت کے اختتام پر ہمیں باعزت طور پر اپنے گھروں میں منتقل کیا جائے اور مزید پریشان ہونے سے بچایا جائے۔