وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ مزید احتیاط کا تقاضہ کرتا ہے۔لوگوں کو چاہیے کہ وہ غیر ضروری گھروں سے باہر نکلنا ترک کردیں۔چند روزمعمول کی سرگرمیاں ترک کر کے خود کو گھروں تک محدود کرلینے سے مرض کے حملے کے خدشات ختم ہو سکتے ہیں۔تمام مجتہدین عظام نے کرونا سے بچنے کے لیے حفاطتی تدابیر پر عمل کو واجب قرار دے رکھا ہے ۔کرونا وائرس کو شکست دینے کے لیے ضروری ہے کہ طبی ہدایات پر عمل کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ کرونا وائرس ایک عالمی وبا کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ جس سے بچاؤ کے لیے حکومت کی طرف سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرناہر شخص پر فرض ہے۔متاثرہ افراد کو چاہیے کہ وہ صحت مند افراد کے قریب جانے اور ملنے سے اجتناب برتیں تاکہ مرض کے پھیلاؤ کا سدباب کیا جا سکے۔جو مریض احتیاطی تدابیر کو دانستہ نطر انداز کر رہے ہیں وہ گناہ گار ہونے کے ساتھ ساتھ پوری قوم کے مجرم ہیں۔کرونا وائرس کوئی ایسا عام مرض نہیں جس سے صرف مریض کو خطرہ ہو بلکہ اس کا مریض ہر دوسرے شخص کے لیے خطرہ بن جاتا ہے۔عوام کو چاہیے کہ اس وبا کی سنگینی کا ادراک کریں اور اس حوالے سے غیر سنجیدہ ردعمل کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔