وحدت نیوز(اسلام آباد) صدر مملکت جناب ڈاکٹرعارف علوی کی زیر صدارت ملک کے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کی بڑی بیٹھک میں فیصلہ ہوگیا کہ نماز جماعت و اعتکاف کی انجام دہی کے لیے حکومت کی جانب سے بنائے گئے ضوابط کی پابندی کرناہوگئی جبکہ یوم شہادت امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالبؑ اور یوم القدس کے اجتماعات بھی تمام تر احتیاط تدابیر پرعمل کرتے ہوئے انجام پزیر ہونگے ۔
صدر مملکت کی زیر صدارت اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں مکتب اہل بیت ؑ کی نمائندگی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ، شیعہ علماء کونسل کےرہنماعلامہ عارف واحدی اور علامہ محمد امین شہیدی نے کی ۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کورونا وائرس کی عدم پھیلاؤ کہ حوالے سے حکومت کو ملت جعفریہ کہ مکمل تعاون کا یقین دلایا اور شیعہ مراجعین کے فتاویٰ کا بھی ریفرنس میٹنگ میں دیا ۔
اس موقع پہ علماء کرام نے نماز با جماعت ، اعتکاف کیساتھ ساتھ شہادت مولائے متقیان حضرت علی کی مجالس و جلوس جائے عزا و یوم القدس کے انعقاد اور حکومت کی جانب سے اعلان کردہ قواعد و ضوابط کیساتھ تعاون کی یقین دھانی کرائی ۔
اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز سمیت دیگر مکاتب فکر کے علمائے کرام اور مشائخ عظام بھی شریک تھے ۔