وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین ضلع جیکب آباد کے زیر اہتمام مدرسہ خدیجہ الکبریٰ ع جیکب آباد میں ایک روزہ تعلیمی ورکشاپ منعقد ہوئی۔ اسلام شناسی ورکشاپ میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی مدرسہ خدیجہ الکبریٰ ع کی پرنسپل محترمہ رقیہ سلطانہ اور مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع جیکب آباد کی صدر مسز سجاد علی نے درس دیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ خواتین معاشرے کی نصف آبادی ہے جن کا نئی نسل کی تعلیم و تربیت میں بنیادی کردار ہے۔ دین اسلام کی نظر میں تعلیم حاصل کرنا ہر مرد اور عورت پر فرض ہے۔ خواتین کو تعلیم سے روکنے والی جاھلانہ سوچ کو بدلنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ اسلامی اقدار اور حجاب کی مکمل پابندی کرتے ہوئے اجتماعی معاملات میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے مسلم خواتین کے لئے حضرت سیدہ فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیہا اور حضرت سیدہ زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کی سیرت طیبہ بہترین اسوہ ہے جنہوں نے دین اسلام کی سربلندی کے لئے امت مسلمہ کے اجتماعی معاملات میں اپنا کردار ادا کیا۔ دربار خلافت میں رسول زادی کا تاریخی خطبہ آج بھی بشریت کے لئے رہبر و رہنما ہے۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان میں شعبہ خواتین نے حساس ترین مواقع پر جرئت مندانہ کردار ادا کیا دھشت گردی کے خلاف ملک گیر دھرنوں سے لے کر فکر دینی کی ترویج تک شعبہ خواتین کا کردار لائق تحسین ہے۔