وحدت نیوز(اسلام آباد)وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سیداحمد اقبال رضوی نے بانی آئی ایس او پاکستان شہید ڈاکٹرسید محمد علی نقوی ؒ کے 28ویں یوم شہادت پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی جہاں انفرادی فرائض انجام دیتے تھے وہاں اجتماعی ذمہ داریوں سے بھی اپنے آپ کو سبکدوش نہیں سمجھتے تھے، ایسا درد مند انسان جو اپنے دین وملت کے لیے ہر وقت میدان میں موجود رہتا ہے اور مقدس نما خوش شکل اور انحرافی دین پر کاربند افراد ان سے حسد کرتے ہوئے ان کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرتے ہیں ان پر تہمتیں لگاتے ہیں، کیونکہ یہ منحرف لوگ خود میدان میں موجود نہ ہونے کی وجہ سے اپنے آپ کو انکے مقابلے میں پست اور حقیر سمجھتے ہیں۔
جبکہ میدان مبارزہ میں حاضر رہنے والے افراد کی زندگی کا مقصد اپنی ذاتی زندگی نہیں ہوتی بلکہ دین اسلام کی سربلندی اور کامرانی ہوتا ہے ڈاکٹر شہید ان عظیم شخصیات میں سے ایک تھے، جنہوں نے اپنی قوم میں دین ناب اور انقلاب اسلامی کی حقیقی فکر اور روح کو شعوری طور پر متعارف کرانے میں اپنا عملی کردار ادا کیا۔