وحدت نیوز(شکارپور)شب نیمہ شعبان کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع شکار پور کی مختلف مساجد میں قائم قرآن و دینیات سینٹرز کا دورہ کیا اور جشن میلاد حضرت امام زمانہ علیہ السلام کی مناسبت سے مستحق طلباء و طالبات میں عید گفٹ تقسیم کئے۔اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی رہنما غلام شبیر برڑو ،نظام دین انقلابی، گلشیر احمد سیٹھار ،کامران علی دل و دیگر موجود تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ شب برائت اور منجی عالم بشریت حضرت امام زمانہ علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی خوشی میں ہمیں معاشرے کے محروم اور غریب بچوں کو شامل کرنا چاہیے الحمدللہ وطن عزیز پاکستان میں اھل خیر نے ہمیشہ مستحق لوگوں کی مدد کی ہے۔ آئمہ اہل بیت علیہم السلام راتوں کو معاشرے کے غریب اور مستحق افراد کی گھر گھر جا کر مدد کرتے تھے ان کی پشت مبارک پر ان بوریوں کے نشانات پڑ جاتے تھے جو روٹیاں کاندھے پر اٹھا کر مستحقین کے دروازوں پر پہنچاتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط مہنگائی اور افراط زر کا تمام تر بوجھ غریبوں پر ڈال دیا ہے۔ مقروض ملک کے حکمرانوں کےپروٹوکول اور عیاشی میں کمی آنے کی بجائے اضافہ نظر آرہا ہے۔ حکمرانوں کی کرپشن عیاشی اور بدانتظامی کا حساب غریب عوام سے وصول کیا جا رہا ہے لوگوں کے پاس کھانے کو آٹا نہیں جس کے باعث کہیں بھوکے والدین بچوں کو بیچ رہے ہیں اور کہیں خودکشی کر رہے ہیں اب وقت آ چکا ہے کہ معاشرے کے مظلوم اور محروم لوگ اس ظالم نظام کے خلاف بغاوت کریں۔ اب فرسودہ ظالم نظام سے ٹکرانے کا وقت آچکا ہے۔