وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما معروف عالم دین علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ ایک بار پھر پاراچنار کو لہولہان کردیا گیا، ملت جعفریہ اس ظلم پر خاموش نہیں بیٹھے گی، دہشتگردی کو لگام دینے کے دعوے ہوا ہوگئے۔ ایک بیان میں معروف عالم دین نے کہا کہ ملک کے ہر حصے میں دہشت گرد دندناتے پھر رہے ہیں اور اقتدار کی کرسی پر براجمان لوگ صرف اپنی کرسی بچانے میں مصروف ہیں، پاراچنار میں اساتذہ کی شہادت حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔
علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کہا کہ اس دہشت گردی کے پیچھے وہی ہاتھ ہیں جو اصل مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں، شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، ساری ملت شہداء کے خانوادوں کے غم میں برابر کی شریک ہے، ہم نے دہشت گردوں کے سامنے نہ کل سر جھکایا تھا اور نہ آج سر جھکائیں گے، ملت متحد رہے، ہمیں مل کر حالات کا مقابلہ کرنا ہے۔