وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان میں قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی رحمۃ اللہ علیہ کی جدوجہد ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ مجلس وحدت مسلمین قائد شہید کے پیروکاروں کی جماعت ہے۔ یہ بات انہوں نے مدرسہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کوئٹہ میں مولانا شہزاد علی شیخ کی قیادت میں ضلع صحبت پور اور جیکب آباد سے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی بھی انکے ہمراہ تھے۔ ملاقات میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حضرت ابراہیم خلیل الرحمٰن پیغام توحید کے علمبردار اور باطل سے ٹکرانے والے تھے۔ آزمائش و امتحان میں ثابت قدمی اور عشق خدا کے باعث حضرت ابراہیم علیہ السلام ہر دور کے اہل حق کے لئے اسوہ اور نمونہ عمل ہیں۔
علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ عصر حاضر میں خمینی بت شکن نے وقت کے نمرود اور یزید کو للکارا۔ نظام کفر کے بتوں کو توڑا اور خدا کے دین کو نافذ کرنے کے لئے قرآن و سنت اور سیرت اہل بیت علیہم السلام پر مبنی الٰہی حکومت قائم کی۔ وطن عزیز پاکستان میں قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی رحمۃ اللہ علیہ کی جدوجہد ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ مجلس وحدت مسلمین قائد شہید کے پیروکاروں کی جماعت ہے۔ جو وطن عزیز پاکستان میں الٰہی اہداف اور اقدار کے حصول کے لئے مصروف عمل ہے۔
انہوں نے وفد کو بتایا کہ 5 جولائی کو کوئٹہ میں صوبائی تحفظ عزاداری کانفرنس اور شہدائے پارا چنار کا چہلم منعقد ہو رہا ہے۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے صحبت پور کے گوٹھ علی آباد ساجانی کی مسجد کے لئے جائے نماز اور تسبیح کا تحفہ پیش کیا اور مہمانوں کو مختلف کتابوں کے تحفے دیئے۔