وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم زندگی کے ہر شعبہ میں عوام کی رہنمائی کر رہی ہے۔ کھیل صحت مند زندگی کے حصول کیلئے اسپورٹس نہایت ضروری ہے۔ یہ بات انہوں نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع کوئٹہ شعبہ اسپورٹس کے زیر اہتمام تیسرا آل ہزارہ چیمپئن ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ 2023 کے موقع پر کہی۔ وہ سیمی فائنل میچ میں مہمان خصوصی کے طور پر شریک تھے، جبکہ اعزازی مہمان حاجی عبد الستار ظلمئے، صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی اور سید گلزار شاہ بخاری تھے۔ اس موقع پر ضلعی صدر ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ ارباب لیاقت علی ہزارہ، سیکرٹری اسپورٹس راحیل حسین، سیکرٹری سیاسیات حاجی غلام حسین، سیکرٹری میڈیا عاطف حسین، حاجی غلام رسول و دیگر اراکین ضلعی کابینہ موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل میں کھیل بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ کھیل صحت مند زندگی کے حصول کیلئے نہایت ضروری ہے۔ کھیل صرف تفریح کا ذریعہ ہی نہیں، بلکہ جسم کو چاق و چوبند اور صحت مند بنانے کا بھی ذریعہ ہے۔ کھیلنے سے دماغ تر و تازہ ہوتا ہے۔ کھیل انسانی صلاحیتوں کو اُبھارتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ضلع کوئٹہ کی جانب سے ہر سال کھیلوں کے مقابلے کروانا قابل تحسین اقدام ہے۔ ایم ڈبلیو ایم ایک عوامی جماعت کی حیثیت سے زندگی کے مختلف شعبوں میں عوام کی رہنمائی کر رہی ہے۔ دو ٹیموں اقراء اکیڈمی اور ہزارہ یونائیٹڈ کے مقابلے میں اقراء اکیڈمی کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے مین آف دی میچ سجاد علی کو خصوصی انعام دیا۔