وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی کال پر 7 جولائی 2023ء بروز جمعہ المبارک سویڈن میں قرآن کریم کو نظر آتش کرنے کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا، اور بروز جمعہ یوم حرمت قرآن الحکیم کے عنوان سے منایا جائے گا، تمام آئمہ جمعہ والجماعت و علمائے کرام اپنے خطبات میں قرآن مجید کی عزت و جلالت پر گفتگو کریں گے، ملک کے چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں اس سلسلے میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی، جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے عہدے داران، کارکنان سمیت تمام محبان قرآن حکیم بھر پور شرکت کریں گے، قرآن مجید کی عظمت و رفعت پر مبنی قرار دادیں بھی پیش کی جائیں گی اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا جائے گا۔
علامہ راجہ ناصرعباس نےمزید کہاکہ اس شرمناک حرکت پر پورا عالم اسلام سراپا احتجاج ہے، مسلمانوں کے لیے حرمت قرآن مجید پر کسی قسم کا سمجھوتہ ناقابل قبول ہے، جس طرح دین مبین اسلام تمام مذاہب کے مقدسات کے احترام کی تعلیمات دیتا ہے اسی طرح دیگر مذاھب کے پیروکار بھی اسلام کے مقدسات کی توہین کرنا بند کریں، مسلمان توہین رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و اہانت قرآن کریم کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔