وحدت نیوز(مظفرگڑھ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع مظفر گڑھ کے تنظیمی دورے کے موقع پر مرکزی امام بارگاہ حسینیہ میں تنظیمی ذمہ داران اور بانیان مجالس کے اجلاس میں شرکت کی اور مومنین سے خطاب کیا۔ جبکہ اس موقع پر اہل سنت کے علماء اور مختلف سیاسی رہنماؤں نے ان سے ملاقات کی۔ اجلاس میں ضلعی صدر اور بانیان مجالس نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔
مظفر گڑھ پریس کلب میں ضلعی صدر سید شفقت کاظمی اور تنظیمی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ عزاداری امام حسین علیہ السلام ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے آئین پاکستان ملک کے تمام شہریوں کی مذہبی آزادی کا ضامن ہے عزاداری پر پابندی اور عزاداروں کے خلاف ایف آئی آرز غیر آئینی عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ شیڈول فور شرپسند دھشت گردوں کے خلاف بنایا گیا تھا مگر بدقسمتی سے یہ شریف شہریوں کے خلاف مس یوز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عزاداروں کے نام شیڈول فور سے نکالے جائیں۔ انتظامیہ امن کمیٹی اجلاسوں میں خانہ پوری کی بجائے ملت کی حقیقی نمائندہ شخصیات علمائے کرام اور قومی جماعت کو مناسب نمائندگی دے۔