وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ پارہ چنار میں عارضی طور پر امن کا معاہدہ خوش آئند ہے، مجلس وحدت مسلمین نے پارہ چنار میں امن کے قیام کیلئے علاقائی، قومی اور ریجنل سطح پر روابط کئے اور کوششیں بر آئیں۔ پارہ چنار کے عوام اور پاکستان بھر سے ملت تشیع نے دہشت گردوں کی وحشیانہ اور جارحانہ کارروائیوں کے جواب میں پرامن احتجاجی تحریک سے امن کے قیام کی دہائی دی اور حکومت کو مجبور کیا کہ وہ فوری طورپہ جنگ بندی کو یقینی بنائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک تری مینگل میں شہید اساتذہ کے قاتلوں اور سہولت کاروں کو بے نقاب نہیں کیا جاتا مزید ایسے سانحات رونما ہونے کا خطرہ باقی رہے گا۔ انہوں ںے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ بنیادی مسائل کا مستقل طور پر خاتمہ کیا جائے، جس کیلئے ضرورت ہے کہ غیر ملکی مداخلت کو روکا جائے، بارڈر پر افغانستان سے آمدورفت پہ غیر قانونی پابندی لگائی جائے۔ ہنگو اور کوہاٹ کے علاقوں اور راستوں میں قانون کی مکمل پاسداری ہوگی تو ایسے فسادات نہیں ہوں گے۔
ناصر شیرازی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ شیعہ سنی اتحاد کو فروغ دیا ہے، پارہ چنار میں انتشار پھیلا کر ملک بھر میں فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کی دشمنوں کی مذموم سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔