وحدت نیوز(اسلام آباد)گلگت نومل میں علم کشائی کے شرکاء پر ایف آئی آر کا اندراج بدنیتی پر مبنی ہے، متعصبانہ وغیر قانونی ایف آئی آر کی مذمت کرتے ہیں، ان خیالات کا اظہار مرکزی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ اس ایف آئی آر کی کوئی بنیاد نہیں ہے، یہ سریحا بلاجواز اور اشتعال انگیز اقدام ہے، دو درجن سے زائد افراد کی گرفتاری محرم الحرام میں پر امن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش ہے، عمائدین نومل اور عمائدین گلگت علامہ نئیر عباس مصطفوی کے ساتھ ہیں، علامہ نیئر عباس مصطفوی گلگت بلتستان میں اتحاد بین المسلمین کے داعی ہیں، ان پر آیف آئی آر کا اندراج سراسر زیادتی ہے، یہ محرم الحرم کے پر امن ماحول کو خراب کرنے کی سوچی سمجھی سازش ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کو ایک پرامن خطہ دیکھنا چاہتی ہے، جہاں تمام مسالک آزادی کے ساتھ اپنی مذہبی عبادات و رسومات کو انجام دے سکیں، جو کہ تمام شہریوں کا بنیادی مذہبی اور آئینی حق بھی ہے،حکومت تکفیری گروہوں کے ہاتھوں استعمال ہونا بند کرے، حکومت محرم الحرام کا تقدس پامال نہ کرے اور خطے میں کشیدگی کی فضاء بنانے سے گریز کرے۔