وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ قرآن کریم کی توہین شرمناک حرکت ہے۔ یورپی ممالک شریک جرم بننے کی بجائے اس شرانگیزی کا راستہ روکیں۔ انہوں نے پاکستان میں عزاداری کرنے پر درج مقدمات کی بھی مذمت کی۔ ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے جیکب آباد میں یوم عاشورہ کے مرکزی جلوس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یوم عاشور کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر پورے ملک کی طرح جیکب آباد میں بھی یوم قرآن منایا گیا۔ اس موقع پر قرآن کریم سے عشق و محبت کا اظہار کرتے ہوئے اسلام دشمن قوتوں کی جانب سے توہین قرآن مجید کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ جیکب آباد کے ڈی سی چوک پر ہزاروں عزاداروں نے "لبیک یا حسین" اور "لبیک یا قرآن" کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
یوم عاشور کے مرکزی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام وارث قرآن ہیں۔ جب یزید پلید نے قرآن مجید اور وحی الٰہی کا انکار کیا تو کربلا والے محافظ قرآن بن کر میدان میں آئے اور آج کے حسینی گستاخ قرآن کریم کے مقابلے میں ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کے نام پر قرآن کریم کی توہین شرمناک حرکت ہے۔ یورپی ممالک شریک جرم بننے کی بجائے اس شرانگیزی کا راستہ روکیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور کے پی میں عزاداروں کے خلاف مقدمات کا اندراج شرمناک عمل ہے۔ ایف آئی آر جرم پر ہوتی ہے جبکہ عزاداری و مجلس امام حسین علیہ السلام عظیم عبادت ہے۔ پاکستان کا آئین اور اقوام متحدہ کا منشور ہمیں مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی صوبائی حکومت اپنے یزیدی رویئے پر نظر ثانی کرے۔ جس کے سبب پاکستان کے کروڑوں شہریوں کے دل میں اس کے لئے نفرت پیدا ہوتی ہے۔