وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے انقلاب اسلامی ایران کی 45 ویں سالگرہ کے موقع پر وقت کے امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، مقام معظم رہبری سید علی خامنہ ائ حفظہ اللہ اور تمام حق پرستوں اور ظالمین جہاں کے سامنے سینہ سپر ہونے والے حریت پسندوں کی خدمت میں ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انقلاب اسلامی ایران انسانی و اسلامی تہذیب کا گہوارہ ثابت ہوا ہے، جس کے وقوع پذیر ہونے سے ظلمت و تاریکی کے اندھیرے چھٹ گئے، اس عظیم الشان انقلاب کے بانی رہبر کبیر حضرت روح اللہ الموسوی الخمینی رضوان اللہ کو شاندار خراج عقیدت و سلام پیش کرتا ہوں، انقلاب اسلامی نے دنیا میں وسیع پیمانہ پر چھائی ہوئی استعماریت اور سامراجیت کے خون آلود پنجوں سے سماجی ،سیاسی، اقتصادی ،ثقافتی مفادات کو نجات دلائی اور اقتدار پر قابض استعماری نوکر صفت پٹھو حاکموں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی، اپنی خود مختاری کی آواز کو عالمی سطح پر پہنچانے کے لئے سعی و کوشش کی جس نے پوری دنیا کے مستضعفین اور پسے ہوئے طبقات کو آزادی کی امید دلائی کہ جس سے تحریک لیتے ہوئے مظلوم عوام اپنے حقوق انسانی کے حصول کے لیے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، جلد انقلاب اسلامی ظہور امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف سے متصل ہو گا۔ انشاء اللہ