وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ دہشت گرد ملک و قوم کے دشمن ہیں، ملک دشمن عناصر اور ان کے سہولت کاروں کی سیاسی عمل میں شمولیت کے بیانیہ نے شر پسندوں کے حوصلے بلند کر رکھے ہیں، ملک میں امن و امان کے حقیقی قیام کے لیے ملک دشمن قوتوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا ضروری ہے، دہشت گرد اپنی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے حوصلوں کو پسپا نہیں کر سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی سلامتی کے لیے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت و سلام پیش کرتے ہیں اور شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، قومی سلامتی کے ذمہ داران اور قوم کے ان گنت جوانوں نے پاک دھرتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ہمیشہ یہ ثابت کیا ہے کہ وطن عزیز کی محبت انہیں ہر شئے پر مقدم ہے، دہشت گردوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے ان بہیمانہ کاروائیوں میں ملوث عناصر انکے سرپرستوں کی بیخ کنی انتہائی ضروری ہے۔