وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے نوشکی میں 9 بے گناہ مسافروں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ انسانوں کا قتل قہر الٰہی کو دعوت دینے کا سبب ہے مظلوم مسافروں کے قتل عام پر ہر با ضمیر انسان رنجیدہ ہے۔ بلوچستان میں امن و امان کی ابتر صورتحال پر تشویش ہے حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ دار ہے۔ حکومت نے عوام کے جان و مال کے تحفظ سے متعلق اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ بے گناہ انسانوں کا قتل عام سنگین جرم ہے جو کوئی بھی اس جرم میں ملوث ہے اسے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ وطن عزیز پاکستان کے عوام گذشہ کئی دھائیوں سے دھشت گردوں کے نشانے پر ہیں جبکہ ریاستی اداروں کی ترجیحات امن و امان کے قیام سے زیادہ دیگر مسائل ہیں۔ سیاسی مسائل میں الجھے ہوئے اداروں کے پاس عوام کے جان و مال کا تحفظ کسی ترجیح میں شامل نہیں ہے۔ بلوچستان کے حقوق کے حصول اور محرومیوں کے خاتمے کی تحریک ہر قیمت پر پرامن رہنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور ریاستی ادارے کوئٹہ تفتان روٹ کو پر امن بنائیں تاکہ زائرین اور مسافر بلا خوف و خطر سفر کر سکیں۔