وحدت نیوز(اسلام آباد)پاکستان کے ممتاز تحقیقاتی صحافی شہید ارشد شریف کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھانا، ہم پر شہید کا قرض ہے، میرے علم میں آیا کہ کینیا کی ہائیکورٹ میں ارشد شریف شہید کی بیوہ صحافی جویریہ صدیق صاحبہ کی درخواست پر سماعت مکمل ہوگئی ہے اور فیصلہ 8 جولائی کو آئے گا ، اسی بارے میں تفصیل جاننے اور پاکستان و کینیا میں تحقیقاتی اداروں کی شہید ارشد شریف کیس میں پیش رفت سے آگاہ ہونے کیلئے میں ارشد شریف شہید کے گھر ان کی بیوہ جویریہ صدیق سے ملا۔
اس موقع پر ان کی زبانی داستان سنی ، جس میں ریاست کی خاموشی، پی ڈی ایم حکومت کی جانب سے ڈھائے گئے مظالم، ارشد شریف کے ملک سے جانے کے محرکات، کینیا میں قتل تک اور جسد خاکی کی پاکستان واپسی اور تدفین سے کر اب اس خاندان پر کیا گزری۔ میں اورمیرے رفقاء ارشد شریف شہید کو انصاف کی فراہمی تک ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں، میں ایوان بالا میں مسلسل حکمرانوں کا ضمیر جگانے کی کوشش کرتا رہوں گا۔ خدائے متعال ارشد شریف شہید کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے، سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کی شفاعت نصیب کرے اور ان کے خاندان کو امام زین العابدین علیہ السلام ،سیدہ زینب سلام اللہ علیہا اور مظلومین کربلا کے عظیم صبر کی خیرات عطا فرمائے۔الہی آمین