وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی کا کہنا ہے کہ دشمن نے بلوچستان کی برادر اقوام اور مختلف مکاتب فکر کے درمیان دوریاں پیدا کرنے کے لئے سرمایہ لگایا، لیکن الحمدللہ آج کوئٹہ اتحاد بین المسلمین اور شیعہ سنی وحدت کا عملی مظاہرہ کر رہا ہے۔ یہ بات انہوں نے مجلس وحدت مسلمین شعبہ اسپورٹس ہزارہ ٹاؤن کی جانب سے منعقدہ آل کوئٹہ شہدائے جعفریہ فٹسال ٹورنامنٹ 2024 کے میچ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وہ سیدالشہداء ویلفیئر فٹبال کلب اور خان اسپورٹس نوحصار فٹبال کلب کے درمیان میچ کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے تعاون سے شہدائے جعفریہ فٹسال ٹورنامنٹ کا انعقاد خوش آئند ہے۔ نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ورزش اور اخلاقی و دینی تربیت پر توجہ دینی چاہئے۔
انکا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین زندگی کے مختلف شعبوں میں ملت کی خدمت اور رہنمائی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فٹسال ٹورنامنٹ کوئٹہ کے شہریوں کے درمیان یکجہتی کا باعث ہوگا۔ دشمن نے بلوچستان کی برادر اقوام اور مختلف مکاتب فکر کے درمیان دوریاں پیدا کرنے کے لئے سرمایہ لگایا، لیکن الحمدللہ آج کوئٹہ اتحاد بین المسلمین اور شیعہ سنی وحدت کا عملی مظاہرہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سرزمین پر بسنے والی اقوام بلوچ، پشتون، ہزارہ ایک گلدستے کی مانند ہیں۔ جو اس سرزمین کے حسن میں اضافے کا سبب ہیں۔ برادر اقوام اور مکاتب فکر کے درمیان اتحاد و وحدت کا عملی اظہار یہ ثابت کر رہا ہے کہ نفرتوں کے سوداگر ناکام ہو گئے۔ انہوں نے پروگرام کے منتظم نور اللہ رضاعی اور وحدت یوتھ ونگ کے ڈویژنل صدر حیدر علی ہزارہ کی فٹسال ٹورنامنٹ کے انعقاد کی کوششوں کو سراہا۔