وحدت نیوز (اسلام آباد) سید شہداء امام حسینؑ کی قربانی اسلام کی بقا اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے لئے درس حریت و آزادی کا ناقابل فراموش نمونہ ہے،فلسطین،کشمیر، یمن،شام ،بحرین،لبنان اور عالم اسلام کے دیگر ممالک میں وقت کے یزید نے کربلائیں برپاکی ہوئی ہیں،جن کا مقابلہ کرنے والے دور حاضر کے حسینیؑ ہیں،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے عاشورا کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا،انہوں نے کہا کہ 61 ہجری کی کربلا کی معرفت نہ ہو تو دور حاضر کے کربلا کی شناخت و پہچان ممکن نہیں،اسی لئے یزید اور اس کے ہمنوا اسلام کا لبادہ اُوڑھ کر فرزند رسول و آل رسولﷺ کو قتل کرنے پر تیار ہوگئے تھے،آج بھی یزیدی فکر کے پیروکار مسلمانوں کی تکفیر،اور قتل و غارت گری کا بازار گرم کرکے اسلام کی حقیقی و اصلی تصویر کو مندمل کر دیا ہے،اور ان کی کوشش ہے کہ یزیدی فکر کے حامل نام نہاد اور جعلی اسلام کا پرچم دنیائے اسلام پر لہرائے۔اس سال عزاداران عزاداری سید الشہداء پر مجالس و جلوس عزاء کاگزشتہ سالوں سے زیادہ منظم انعقادکرائیں گے۔
علامہ اجہ ناصر عباس جعفری کا مزید کہنا تھا کہ دور حاضر کا یزید بے نقاب ہو چکا ہے،اس کے چہرے پر پڑا نقاب کھینچا جا چکا ہے،داعش ،طالبان اور النصرہ کے مکروہ چہرے بھی اب پہچانے جا چکے ہیں،اب ان کی طرف داروں اور سرپرستوں کی باری ہے،انہوں نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ امام عالہ مقام ؑ اور ان کے اصحاب باوفا کی عزاداری یماری شہ رگ حیات اور عقیدت کا معاملہ ہے،یہ عشق و معرفت کی انتہا ہے،جس پر کسی قسم کا قدغن اور پابندی ہم قبول نہیں کریں گے،پاکستان کا آئین و قانون عزاداری کا محافظ ہے،ہم اس آئینی و قانونی حق سے دستبردار نہیں ہونگے۔
انہوں نے بلوچستان کے علاقے نصیر آباد بولان میں نہتے عزاداروں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن ہمیں موت سے ڈرا کر عزاداری کو محدود کرنے کی سازش میں ہیں،خدا کی قسم شہادت ہماری میراث ہے،جسے ہماری ماوُں نے ہمیں دودھ میں پلایا ہے،ہم عزاداری کے لئے اپنی جان،مال،اولاد سب قربان کرنے کو ہمہ وقت تیار ہیں ،لیکن عزاداری سید شہداء سے ایک ایچ بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں،ہماری جانیں،آل و اولاد نواسہ رسول کی امانت ہے،ہم اسے اسی راہ میں قربان کرنے میں ذراسی بھی دیر نہ کریں گے،ہمیں ملک بھر میں عزاداردوں کی سکیورٹی پر شدید تحفظات ہیں،ووفاقی و صوبائی حکومتیں بلخصوص پنجاب میں دہشت گردوں سے زیادہ عزاداروں کو ہراساں کرنے میں حکمران مصروف ہیں،پنجاب پولیس ملت جعفریہ کے گھروں کے چادر اور چادیواری کے تقدس پامال کرکے بدترین ریاستی دہشت گردی کر رہی ہے،اس عمل میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف براہ راست ملوث ہے۔انہوں نے کہا کہ عزاداری وحدت و اخوت اور ظالم و جابر کے سامنے ڈٹ جانے کا پیغام دیتی ہے،سید شہداء کی ذات بابرکات کسی ایک فرقہ یا مذہب کی جاگیر نہیں،بلکہ نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسین ابن علیؑ ہر دور کے مظلوموں کے پیشوااور ہادی و رہنما ہیں،امام حسین ؑ کی قربانی و قیام کا مقصد رہتی دنیا تک کے مظلوموں اور محروموں کو آزادی و حریت کیلئے آمادہ و تیار کرنا ہے،ہم سید شہداء کے راستے پر چل کر ہی ظالموں،جابروں اور آمروں سے آزادی حاصل کی جا سکتی ہے۔