وحدت نیوز (اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی اور عمران خان اور ان کے ساتھیوں پر آرٹیکل 6 لگانے کی احمقانہ باتیں کرنے والے اپنا دماغی توازن کھو چکے ہیں، انہیں اپنے مکروہ عزائم کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا اور شدید عوامی ردعمل کی صورت میں ان کا مقدر ٹھہرے گا، پاکستان کے عوام ایسے کسی ظلم کے خلاف کبھی خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی سالمیت و بقاء کے لیے مجلس وحدت مسلمین عمران خان کے ساتھ کھڑی تھی اور کھڑی رہے گی، پاکستان کی باشعور عوام ملکی استحکام اور خودمختاری کے لیے کسی بھی غیر قانونی وغیر آئینی اقدام کو سختی سے مسترد کرے گی، ملک کو لوٹنے، تکفیریت کو فروغ اور عوام کو لاشوں کے تحفے دینے والے اپنے ناپاک مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے، یہ بوکھلائے ہوئے ہیں اور عوام سے خوفزدہ ہیں، عوام کا مینڈیٹ چوری کر کے قانون و آئین کی باتیں کرنا ڈھٹائی کی انتہاء ہے۔