وحدت نیوز(اسلام آباد) یونان میںاٹلی اور برطانیہ جانے والے تارکین وطن کی کشتی کے حادثے میں غیرملکیوں سمیت 250 سے زائد پاکستانیوں کی ہلاکت پر چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ نے دلی افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا سیل سے جاری اپنے تعزیتی ومذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی معاشی بحرانی صورت حال کے پیش نظر گذشتہ ایک برس میں کئی لاکھ پاکستانی بالخصوص بے روزگار جوان حصول روز گار اور بہتر وروشن مستقبل کی تلاش میں قانونی و غیر قانونی طریقوں سے مغربی ممالک کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔ افسوس ناک بات یہ ہے کہ ہماری نااہل اور نالائق حکومت کے پاس اپنے غیر آئینی اقتدار کو طول دینے کے لئے ہر قسم کے حربے استعمال کرنے کیلئے تو فرصت ہے لیکن قوم کے بے روز گار جوانوں کو باعزت روزگار فراہم کرنے کیلئے کوئی پلان موجود نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی فاشسٹ حکومت نے جہاں سیاسی مخالفین کے خلاف تاریخ کی بدترین انتقامی سیاست کا آغاز کررکھا ہے وہیں غریب عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے ۔ غربت اوربے روزگاری نے عوام کو خودکشیوں پر مجبور کردیا ہے ۔ قابل ،پڑھے لکھے اور اسکل ورکرز وطن عزیزمیں اپنا تاریک معاشی مستقبل دیکھتے ہوئے یہاںسے نکل جانے میں ہی عافیت سمجھ رہے ہیں، اسی خواب کی تکمیل کیلئے ہزاروں شہری زمینی اور بحری پرخطر راستوں پر اپنے جانوں کو تھیلی پر رکھ کر مختلف مغربی ممالک کی جانب ہجرت کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ آئے دن گہرے کھلے سمندروں میں حادثات کا شکار ہونے والے پاکستانیوں کا خون ہمارے ظالم ، کرپٹ اور ناہل حکمرانوں کی گردن پر ہے۔
علامہ راجہ ناصرعباس نے قومی وبین الاقوامی اداروںسے انسانی اسمگلنگ میں ملوث مافیاز کے خلاف بھی فوری ٹھوس اور موثر قانونی کاروائی کا مطالبہ کیا ہے جو چند پیسوں کی خاطر قیمتی انسانی جانوں کو موت کے منہ میں دھکیل کر دوسرے ملک پہنچانے کا رسک لیتے ہیں۔ انہوں نے یونان میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی تارکین وطن کے اہل خانہ سے دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کیاہے اور تمام ہلاک شدگان کی مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔