وحدت نیوز (سلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیز میں امن کی بحالی کے لیے افواج پاکستان کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔کراچی میں آپریشن کے بہترین نتائج سامنے آئے ہیں اور دہشت گردی کی کاروائیوں میں نمایاں کمی ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں طالبان کے خلاف کاروائی میں حکومت کے تاخیری حربوں نے ان کی افرادی قوت میں اضافے کا دانستہ موقع فراہم کیا۔جس نے قوم کو نا صرف ستر ہزار لاشوں کے تحفے دیے بلکہ ملک شدید اقتصادی بد حالی سے دوچار کیا۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان کی طرف سے منہ موڑ لیا۔دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ ماضی کے تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کسی بھی ایسی قوت کو پنپنے کا موقعہ نہ دیا جائے جو ملک دشمن سرگرمیوں میں مصروف ہے۔کالعدم قرار دی جانے والی جماعتوں کو ساتھ بٹھانے کی بجائے ان کے خلاف فیصلہ کن کاروائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں امن کا واحد رستہ قانون و انصاف کی بالادستی ہے۔ قانون نا فذ کرنے والے اداروں کو آئین پاکستان اور وطن عزیز کی خود مختاری کے خلاف سراٹھانے والی جماعتوں سے قانون کے لہجے میں بات کرنا ہو گی۔انہوں نے کہ وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے ہر اس حصے میں آپریشن کا عمل بلاتخصیص ہونا چاہیے جہاں سے ملک دشمن عناصر کی حمایت میں آواز بلند ہوتی نظر آئے۔یو اے ای اور بھارت کے درمیان حالیہ معاہدے کے حوالے سے علامہ ناصر نے کہا کہ عرب ممالک پاکستان میں صرف مدارس کے لیے سرمایہ کاری کرتے ہیں تاکہ دہشت گرد قوتوں کے پیداوار کی شرح کو بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا بھارت سے یو اے ای کے معاہدے سے ہم پر عرب امارات کے عزائم واضح ہو جانے چاہیے کہ وہ پاکستان سے کس حد تک نیک نیت ہے۔