وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ اعجاز حسین بہشتی نے کہا ہے کہ محرم الحرام سے پہلے کچھ شدت پسند گروہ ملک کے حالات خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ امام بارگاہ کے ساتھ ساتھ ایک معصوم انسان کو زندہ نذر آتش کرنا پاکستان اور اسلام کے خلاف سازش ہے۔ ایم ڈبلیوایم اتحاد امت کی علمبردار، پرامن جمہوری جدوجہد پر یقین رکھنے والی جماعت ہے۔ جھوٹے مقدمات قائم کرکے ہمیں خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک جاری بیان میں کیا ہے۔ ایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ علامہ امین شہیدی جو اتحاد امت کے علمبردار ہیں، ان کے خلاف مفتی امان اللہ کی قتل کی ایف آئی آر حقیقت میں فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کی سازش ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ علماء کرام اور سیاسی و مذہبی رہنماؤں کو چاہیئے کہ وہ اپنے درمیان اتحاد، وحدت اور شعور کے ذریعہ فرقہ وارانہ نفرتوں کی سازش کو ناکام بنا دیں۔