ایسے شخص کو گورنر بنایا گیا ہے جو گلگت بلتستان کو پاکستان کا حصہ ہی نہیں سمجھتا، ناصرعباس شیرازی

16 March 2015

وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری امورسیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے  کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے گلگت بلتستان انتظامیہ، نگران حکومت اور غیر مقامی اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے انتخابات میں دھاندلی کرنے کے مکمل انتظامات کر لئے ہیں۔ نواز حکومت نے ایسے فرد کو گورنر بنایا جو گلگت بلتستان کو پاکستان کا حصہ ہی نہیں سمجھتا ہے اور اس نے اس سے پہلے اپنے مختلف بیانات میں گلگت بلتستان کو متنازعہ علاقہ قرار دیا ہے، ایسا شخص گلگت بلتستان سے کیسے مخلص ہو سکتا ہے۔ برجیس طاہر نے گلگت بلتستان کو پارٹ ٹائم نوکری بنایا دیا ہے اور وہ گلگت بلتستان کے عوام پر احسان کرتے ہوئے وہ ہفتے میں 2 دن گلگت بلتستان کے عوام کو دینگے۔ گلگت میں مجلس وحدت مسلمین کی صوبائی سیکرٹریٹ میں صوبائی ذمہ داروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز حکومت نے ہر وزیر کو 2 حلقے سونپ دیئے ہیں کہ وہ ان حلقوں میں مسلم لیگ نواز کے امیدوار کے لئے کمپین چلائے۔ مسلم لیگ نواز کی حکومت نے گلگت بلتستان میں 70 فی صد حکومتی عہدوں پر غیر مقامی افراد کو قابض کرا دیا ہے جبکہ مقامی افسران کی تذلیل کی جا رہی ہے۔ جس گورنر کو علاقے میں موجود معدنی ذخائر کے بارے میں علم نہ ہوں ایسے فرد کو گورنر رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہ گیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نواز گلگت بلتستان میں نوآبادیاتی نظام کو متعارف کرانے کی کوشش کر رہی ہے۔ نگران حکومت، چیف الیکشن کمشنر مکمل طور پر جانبدار ہو چکے ہیں ایسے میں ان کی نگرانی میں الیکشن معنی خیز ہے۔ مسلم لیگ نواز اسٹیبلشمنٹ کو خریدنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ ان کے ذریعے الیکشن کو ہائی جیک کرے۔ مسلم لیگ نواز نے پنجاب میں نجم سیٹھی کی طرح گلگت بلتستان میں غیر مقامی گورنر، نگران وزیراعلیٰ، وزراء اور چیف الیکشن کمشنر کے ذریعے انتخابات کو پنکچر لگانے کی بھرپور تیاری کی ہے۔ نواز لیگ کی عوام دشمن تمام پالیسیوں کو عوام کے ساتھ مل کر ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ایک ہفتے کے اندر گلگت بلتستان کے پندرہ حلقوں سے امیدواروں سے درخواستیں وصول شروع کی جائے گی اور ہر حلقے سے بے داغ امیدوار کو سامنے لایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں سیاسی فرعونوں کو مزہ چکھائے گی۔ ہم نے مکتب تشیع کو پاکستان میں سیاسی شناخت عطا کی ہے اور یہ مکتب ایک سیاسی طاقت بن چکی ہے جس میں اتنی طاقت ہے کہ وہ کسی بھی ظالم حکومت کو عدم استحکام سے دوچار کر سکتی ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے انشاء اللہ اس خطے کے عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت کسی جماعت کو ہرگز اجازت نہیں دے گی کہ وہ گلگت بلتستان کے عوام کا استحصال کر سکیں، 68 سالوں سے باری باری اقتدار کے مزے لوٹنے والی جماعتوں نے اس خطے کے عوام کا سیاسی، معاشی اور اقتصادی استحصال کیا ہوا ہے جس سے آزاد ہونے کا واحد راستہ ان باریاں بدلنے والی جماعتوں کے سیاسی فرعونوں کو دریائے سندھ کی تند و تیز لہروں میں بہا کر ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران کے جھوٹ اور مکاری کو بے نقاب کر کے اقتدار پر قبضے کے خواب کو چکنا چور کر دیں گے اور سیاست میں بھرپور حصہ لیکر غاصبوں سے سیاسی مورچہ چھین لیں گے۔ گلگت بلتستان میں ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہونے کے باوجود یہاں عوام کو دن میں صرف دو گھنٹے بجلی فراہم کرنا اس خطے کے وسائل اور عوام دونوں کی تذلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت گلگت بلتستان کے وسائل کو بروئے کار لاکر خطے کو وفاق سے کچھ لینے کی بجائے کچھ دینے کی پوزیشن میں لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اس خطے پر کوئی احسان نہیں بلکہ گلگت بلتستان کا پاکستان پر احسان ہے، گلگت بلتستان کے صاف و شفاف پانی سے پورا پاکستان سیراب ہو رہا ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام کسی کے زرخرید غلام نہیں، یہ خطہ قومی ہیروز کی سرزمین ہے، خطے کے عوام پاکستان کی محبت میں اس کی سرحدوں کی حفاظت میں مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔ ایک نگران وزیر کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن میں جانے کی اگر کسی جماعت کی تیاری نہیں تو وہ مسلم لیگ کی جماعت ہے اگر ان میں ہمت ہے کل سے انتخابی شیڈیول کا اعلان کرے۔ مجلس وحدت ہر حلقے میں اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی اور الیکشن میں تاخیر کا باعث نواز لیگ ہے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree