وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے دہشت گردوں کو پھانسی دینے کی عمل کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک سزا و جزا کے قانون کو فعال نہیں کرتے دہشت گردوں پر قابو پانا ممکن نہیں انہوں نے فیصل آباد میں دہشت گردوں کو پھانسی دینے کے عمل کو عین شرعی قرار دیتے ہوئے اسے انصاف کی راہ میں پہلا قدم قرار دیا اور حکمرانوں سے امید ظاہر کی کہ وہ ان سفاک دہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کریں گے ، انہوں نے مذید کہاکہ دہشت گردوں کو سر عام پھانسی دی جائے تو زیادہ مناسب ہوگا، جب تک پوری قوم سزا کے ایسے مناظر براہِ راست نہیں دیکھتی ملک سے قتل و غارت گری کے واقعات میں کمی نہیں آئے گی، جن ممالک میں سر عام پھانسی دینے کا قانون موجود ہے ان ممالک میں جرائم کی شرح انتہائی معمولی ہے، ہم اعلیٰ عدالتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سفاک دہشت گردوں کو سر عام پھانسی دینے کیلئے جلد قانون سازی کی جائے،علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے دہشت گردوں کیخلاف آپریشن ضرب عضب کو ملک بھر میں پھیلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس ناسور سے نجات کے لئے ان سفاک قاتلوں کی نرسریاں ختم کی جائیں جہاں ان کو مذہب کی آڑ میں تکفیریت اور درندگی کا درس دیا جاتا ہے انہوں نے کہا قوم اپنی سکیورٹی فورسسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور انشااللہ یہ ملک دشمن اور اسلام دشمن گروہ اپنے منطقی انجام کو پہنچ کر رہیں گے۔