وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحد ت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے کہا ہے کہ حکمران مٹھی بھر دہشت گردوں سے ڈر کر مذاکرات کرنے کی بجائے فوج اور پولیس کو بااختیار کریں، تاکہ وہ ان دہشت گردوں سے نمٹ سکیں۔ اگر خدانخواستہ محرم الحرام کے ان ایام میں کوئی سانحہ ہوگیا تو 10 محرم کو ہمارا رُخ اسلام آباد کی طرف ہوگا۔ محرم، صفر اور ربیع الاول کے ایام میں شیعہ سنی بھائی متحد ہو کر اپنی مذہبی رسومات ادا کرتے ہیں، بہت کم وقت میں بلدیاتی الیکشن کرانے کی بجائے تین ماہ تک لیٹ کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے مجلس وحدت مسلمین یوتھ ونگ کے مرکزی دفتر گلگشت کالونی میں وحدت یوتھ ونگ کے مرکزی سربراہ سید فضل عباس نقوی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے مزید کہا کہ جو دہشت گرد پاکستان کی رٹ کو قبول نہیں کرتے اور پاکستانی پرچم لہرانے نہیں دیتے اور بے گناہ شیعہ سنی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افراد کو شہید کرتے ہیں، اُن کے ساتھ مذاکرات کرنے کا کیا جواز بنتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جو شعائر اسلام و پاکستان کی بے حرمتی کرتے ہیں اور اولیاء کو قبروں سے نکال کر بے حرمتی کرتے ہیں، جو کل پاکستان کے خلاف تھے، آج وہ پاکستان کے ٹھیکیدار بنے ہوئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پورے ملک میں چالیس ہزار سے زائد شیعہ سنی مسلمانوں کو قتل کیا گیا اور یہاں تک کہ جی ایچ کیو اور دیگر حساس ادارے (پی این ایس مہران) ان سے محفوظ نہیں ہیں۔ ان مجرموں سے مذاکرات کی بجائے انہیں پکڑ کر عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے، جو محدود گروہ کے ذریعے ملک کو ہائی جیک کرنا چاہتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ یہی آرمی تھی جب اس نے سوات خالی کرایا تو یہی فضل اللہ سوات چھوڑ کر بھاگ گیا تھا۔ خدارا حکمران آرمی اور پولیس کے وقار کو مجروح نہ کریں ورنہ کوئی بھی دشمن کسی وقت ملک کی سالمیت پر حملہ کرسکتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ جب قومی اسمبلی میں متفقہ قراردادیں منظور کی گئی ہیں کہ تمام سیاسی جماعتوں نے رائے دی ہے کہ بلدیاتی الیکشن لیٹ کرائے جائیں، اس پر سپریم کورٹ تمام سیاسی جماعتوں کے فیصلے پر نظرثانی کیوں نہیں کرتی۔؟ اُنہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے اندر خانہ جنگی نہیں چاہتے، امن، اخوت اور بھائی چارے کی فضا کو قائم رکھنا چاہتے ہیں، لیکن مٹھی بھر دہشت گرد اس ملک کو یرغمال بنانا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے یوتھ ونگ کے مرکزی چیئرمین فضل عباس نقوی نے کہا کہ ملک بھر میں وحدت اسکائوٹس تشکیل دے دیئے ہیں جو امام بارگاہوں میں ہونے والی مجالس اور جلوسوں پر ڈیوٹی دے رہے ہیں۔ تاہم حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری بھی بنتی ہے کہ وہ سکیورٹی کے انتظامات مزید بہتر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔