وحدت نیوز(چنیوٹ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ راجہ ناصرعباس جعفری نے عید سعید غدیر کے پر مسرت موقع پر چنیوٹ میں منعقدہ جشن غدیر کے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غدیرعلوی اور اموی حکومت کے درمیان خط تقسیم کا نام ہے، اتمام نعمت اور تکمیل دین کے روز کو خدا نے عید غدیر قرار دیا، ولایت پناہ گاہ بشریت بالمقابل حوادث زمانہ ہے، ولایت علی کا اصل مصدریعنی حکومت ، اختیار، اقتدار کا مقتدر علی ابن ابی طالب(ع) اور اولاد علی (ع)ہے، علی (ع)کی کرامات ، فضائل و اوصاف تمام مذاہب،ادیان، مسالک میں یکساں ہیں ، مولا امیر کی تشریعی ولایت مومن و منافق میں فرق واضح کرتی ہے، عاشورا کا پیش خیمہ غدیر ہے،ان کا کہنا تھا کہ غدیر میں اعلان کردہ حکومت علوی کی بحالی کی جدوجہد تا ظہور حجت عج جاری رہے گی،حکومت یتیمان علی ابن ابی طالب (ع)کی غصب شدہ میراث ہے، ہماری تمام تر جدوجہد اور فعالیت بھی اسی غصب شدہ میراث کی بازیابی کیلئےہے۔ ملت اسلامیہ کی جملہ مشکلات و مصائب کی وجہ پیغام ولایت سے روگردانی ہے،آج ضرورت اس امر کی ہےکہ امت مسلمہ خدا کی وحدانیت، محمد (ص) کی نبوت اور علی (ع )کی ولایت کے شعار پر اکٹھا ہواور اسلام دشمن قوتوں کے سامنے سینہ سپر ہوجائے۔