وحدت نیوز (لبنان) پریس ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکریٹری امور خارجہ علامہ ڈاکٹرسید شفقت حسین شیرازی نے کہاہےکہ اربعین پرکروڑوں لوگوں کا جمع ہونا محسن انسانیت امام حسین ؑ سے عشق و محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے، ہر طبقہ فکر اور ذی شعور انسان سید الشہداء سے عقیدت رکھتا ہےاورانہوں نے اپنی محبت و عقیدت کا اظہار چہلم امام حسین ؑ پر دے دیا ہے۔
صحافی کا اربعین پر کروڑوں لوگوں کا عراق کی طرف آنا اور داعش کے خطرے پر سوال کے جواب میں ڈاکٹرعلامہ شفقت شیرازی نے کہاکہ داعش کی غلط فہمی ہے کہ لوگ ان سے خوف زدہ ہیں یہ تو روایت رہی ہے کہ امام حسین ؑ کے دشمنوں نے ہر دور میں کوشش کی ہے کہ لوگ کربلا سے درس لینے کے لئے زیارت پر نہ آئیں اور لوگ درس حریت اور ظلم کے خلاف قیام کا درس نہ لیں ۔ کیونکہ کربلا انسانیت کو مظلوم کی حمایت اور ظلم کے خلاف قیام کا راستہ دکھاتی ہے۔ لہذا آج اگر داعش لوگوں کو ہراساں کر کے روکنا چاہیں تو یہ ممکن نہیں ہے کہ مومنین کربلا نہ آئیں اور پاکستان کے اندر دہشت گرد گروہوں کی طرف سے تفتان بارڈر پر مومنین پر حملوں اور مومنین کو حکومت کی طرف سے کوئی خاطر خواہ سکیورٹی نہ ملنے کے باوجود لوگوں کے بڑے بڑے قافلے عازم سفر کربلا ہوئے ہیں جو کہ دہشت گردوں کے نام پیغام ہیں کہ ہم جھکنے والے نہیں بکنے والے نہیں ۔ اور مومنین جناب فاطمہ زہراؑ اور اہلبیت علیہم السلام کو پرسہ دینے کے پیدل جوق در جوق زیارت امام حسین ؑ کے لئے نکل پڑے ہیں۔
پاکستان کے اندر سیاسی تحرک اور آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے سوال پر انہوں نے واضح فرمایا کہ پاکستان کے اندر کرپشن زدہ حکومت زیادہ دیر تک نہیں چل سکتی ۔ کیونکہ اس کی بنیاد ایک منظم دھاندلی پر رکھی گئی ہے اور جس کا بار ہا اظہار اپوزیشن اور خود وزیر داخلہ نے بھی پارلیمنٹ کے اندر کیا ہے۔ اور حکومت کا متعصابہ رویہ اوراپوزیشن کے لوگوں پر ظلم و تشدد سے ثابت ہوتا ہے کہ اپنی دھاندلی اور زیادتی کو چھپانے کی کوشش کررہے ہیں۔حالیہ آزادی مارچ اور انقلاب مارچ کے شرکاء پر مختلف موقعوں پر تشدد اور بالخصوص فیصل آباد کے اندر تحریک انصاف کے کارکنا ن پر حملہ اور کچھ کارکنا ن کی شہادت اور زخمی ہونے والے کارکنان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور یہ خون ضرور ان ظالمین کو نیست و نابود کرے گا۔ اور فتح مظلومین کی ہوگی اور ظالم مٹ کر رہے گا۔