وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور خارجہ امور کے سیکریٹری ڈاکٹرعلامہ سید شفقت حسین شیرازی نےمرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے موجودہ حالات کے پیچھے ملک دشمن طاقتوں کا گہرہ پروپیگنڈہ ہے۔ وطن عزیز کو بیرونی قوتیں اندھیری گلی میں دھکیلنا چاہتی ہیں، جس کے لئے ہمیشہ سے ہی پاکستان کو مختلف بحرانوں میں الجھائے رکھا گیا، پاکستانی عوام کو بیداری و شعور سے دور رکھنے کے لئے خون کی ندیاں بہائی گئیں، دہشت گردی کو ایک منظم سازش سے پروان چڑھایا گیا اور اسے عوامی حلقوں تک پذیرائی دی گئی۔
ڈاکٹر علامہ شفقت شیرازی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے اندر موجود وہ عناصر جو آج بھی دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہے ہیں، فوجی عدالتوں کی مخالفت اور مذہب کی آڑ میں دہشت گردوں کو بچانا چاہ رہے ہیں، لیکن اب وقت آگیا ہے کہ ملک کے استحکام کے لئے دہشت گردوں کو انکے سایہ پدری دینے والوں کے ہمراہ بے نقاب کیا جائے اور انشاءاللہ ہم ملی وحدت و اتحاد کے ذریعے تکفیری سوچ کو ختم کریں گے اور ان درندہ صفت دہشتگردوں کو ملت پاکستان کے خون سے مزید ہولی نہیں کھیلنے دیں گے۔