وحدت نیوز (اسلام آباد) بین المذاہب ہم آہنگی کے بغیرانتہا پسندی کو شکست دینا ممکن نہیں،شیعہ سنی اسلام کے دو بازو ہیں،ان کے درمیان تفریق ڈالنے والے دراصل استعمار کے ایجنٹ ہیں،ہم اپنے اہل سنت بھائیوں کے ساتھ مل کر ملک سے انتہا پسندی اور فرقہ واریت کا خاتمہ کریں گے،دشمن مسلمانوں کے اتحاد سے خوفزدہ ہیں،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مرکزی کابینہ کے اراکین سے خطاب میں کیا ،انہوں نے کہا کہ اسلام مخالف طاقتیں مسلمانوں کو آپس میں لڑا کر دنیا میں اسلامی تشخص کو پامال کر رہی ہیں،بعض ناداں مسلم حکمران ان اسلام دشمنوں کے ہاتھوں یرغمال ہیں،پاکستان میں انتہا پسندوں کو پرموٹ کرنے میں انہی طاقتوں نے اہم کردار ادا کیا،جہاد کے نام پر مغربی مفادات کا دفاع کیا گیا،دنیا بھر سے انتہا پسندوں کو پاکستان امپورٹ کرکے ملکی سلامتی کو داوُ پر لگایا گیا،قوم پرستی،لسانیت اور فرقہ واریت کو ہوا دے کر معصوم لو گوں کا قتل عام کیا گیا،مٹھی بھر یہ شرپسند وہ بھیڑیے ہیں جو اس کو پالیں گے کل اسی کو چیر پھاڑ کر رکھ دینگے،علامہ راجہ ناصر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ریاستی اداروں اور عوام کے پاس اب یہ آخری موقع ہے کہ وہ ان شرپسندوں اور ان کے ہمدروں کو معاشرے سے الگ کریں بصورت دیگر اس کا خمیازہ ہماری نسلیں بھگتیں گی۔