سیاسی طاقت نہیں بنیں گے تو حقوق کی بھیک کے لئے در بدر رہیں گے، علامہ ناصرعباس جعفری

19 June 2014

وحدت نیوز(سرگودھا) پنجاب بھر میں شاہی نظام حکومت قائم ہے، تخت لاہور نے تمام صوبے کے عوام کو بیکس ولاچاربنا رکھا ہے، مذہبی آزادی صلب کر نے کی کوششیں کی جارہی ہیں ،پورا پنجاب کالعدم تکفیری جماعتوں کی جنت بن چکا ہے، ڈی پی او سرگودھا ہلال پور میں عزاداری پر سے پابندی فوری طور پر ہٹائے ، سرگودھا کا ہر چوک عزاخانہ بنا دیا جائے گا،پنجاب حکومت نے قاتل ومقتول میں فرق ختم کر دیا ہے،گیارہ بے گناہ کارکنان کی شہادت کے باوجود صاحبزادہ حسن محی الدین قادری کے خلاف ایف آئی آر کااندراج انتقامی سیاست ہے ، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے سرگودھا کی تحصیل بھلوال میں منعقدہ شہداء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، قبل ازیں علامہ ناصر عباس جعفری سرگودھا کی حدود میں داخل ہوئے تو سیال موڑ پر علاقہ مکینوں نے سینکڑوں کی تعداد میں موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں میں ناصر ملت کا فقید المثال استقبال کیا، علامہ ناصرعباس جعفری نے سیال موڑ کی مرکزی امام بارگاہ میں مومنین سے مختصر خطا ب کیا، سیال موڑ سے علامہ ناصر عباس جعفری ایک بڑی ریلی کے ہمراہ کوٹ مومن سٹی پہنچے جہاں پہلے سے موجود سینکڑوں گاڑیوں میں سوار مومنین اور اہل علاقہ علامہ ناصر عباس جعفری کے قافلے میں شامل ہو گئے،ایک بڑا قافلہ دو کلومیٹر طویل ریلی کی صورت میں علامہ ناصر عباس جعفری کے ہمراہ بھلوال سٹی پہنچا جہاں مقامی تاریخ کا عظیم الشان استقبال کیا گیا ۔


بھلوال میں عزاداری کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ نواز شریف کے بھائی شہباز شریف کی پنجاب میں حکومت ہمارے لئے ایسی ہی ہے جیسے کوفے میں یزید کے بھائی ابن زیاد کی حکومت ، نواز لیگ کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ کسی طرح بھی محب وطن قوتوں کو پنجاب سمیت ملک بھر میں کچلا جائے،آئین پاکستان کی روشنی میں کالعدم قرار دی جانے والی ملک دشمن تنظیمیں پنجاب کو اپنا ننھیال سمجھتی ہیں ، جس آزادی کے ساتھ کالعدم جماعتیں پنجاب میں فعال ہیں ایسی صورت حال کسی اور صوبے میں نہیں ،سنگین جرائم میں ملوث دہشت گردو ں کو پنجاب حکومت مراعات فراہم کرتی ہے ،قاتلوں کو سرکاری پروٹوکول دیا جاتا ہے، کبھی جلوس پر پابندی کی ناکام کوششیں کی جاتی ہیں کبھی عزاداری پر قدغن لگانے کی بوگس سازشیں کی جا تی ہیں ، آج یہاں اس کانفرنس کے توسط سے ڈی پی او سرگودھا کو متنبہ کر تا ہوں کہ عزاداری کے اجتماعات پر سے پابندی کو فوری طور پر اٹھا یا جائے ورنہ سرگودھا کی ہر گلی ہر چوک سے ماتمیوں کے دستے نکلیں گے اور پورے سرگودھا کو عزاخانے میں تبدیل کر دیں گے، انہوں نے گذشتہ دنوں لاہور میں ریاستی ظلم و جبر کی مذمت کر تے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے سیاسی انتقام کے نشے میں دہت ہو کر نہتے شہریوں پر گولیاں چلوائیں خواتین کی حرمت بھی پامال کی گئی، انتقامی سیاست میں ایک سیاہ باب رقم کیا گیا، شہباز شریف کی انتقام کی آگ ابھی بجھی نہیں ، ڈاکٹر طاہر القادری کے فرزند صاحبزادہ حسن محی الدین قادری کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر کاٹ دی گئی جو کے مقتول کو ہی قاتل بنانے کی گہناؤنی سازش ہے ، جس کی ہم پر زور مذمت کر تے ہیں ۔

 

ان کا مذید کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاون انتہائی شرمناک ہے، بے گناہوں کو قتل کیا گیا اور ہم ڈاکٹر طاہر القادری کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری جلوس نکالیں، دھرنے دیں یا حکومت کیخلاف لانگ مارچ کریں، ہم انکے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے کارکنوں کو قتل کر کے انہیں فوج کی حمایت کرنے کی سزا دی گئی۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی قائد کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ایک سیاسی قوت بننے کا فیصلہ کر لیا ہے، اگرچہ یہ ایک مشکل کام ہے لیکن اگر ہم سیاسی طاقت نہیں بنیں گے تو اپنے حقوق کے لیے بھیک مانگنا پڑے گی، لیکن پھر بھی ٹھوکریں ملتی رہیں گی۔ بھلوال ضلع سرگودہا کی مرکزی امام بارگاہ میں اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ملک کو دہشت گردوں کی فیکٹری نہیں بننے دیں گے، پاکستان کے شیعہ اور سنی اکٹھے ہو جائیں تو پھر وہی ہو گا جو یہ چاہیں گے۔ انہوں نے سانحہ ماڈل ٹاون کے متعلق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا یہ کہنا کہ انہیں پولیس گردی کا علم ہی نہیں تھا، ایک جھوٹ ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ اہلسنت نے راولپنڈی واقعہ کے موقع پر ہمارا ساتھ دیا، ہم انکے شانہ بشانہ چلیں گے، لیکن اپنے حقوق کے لیے ہتھیار نہیں اٹھائیں گے، بلکہ عوامی جد و جہد کریں گے اور انشا اللہ کامیابی ہمارا مقدر ٹھہرے گی۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree