وحدت نیوز(اسلام آباد) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہر القادری نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی سے کینیڈاسے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، ڈاکٹر طاہر القادری کا علامہ امین شہید سے گفتگو کر تے ہو ئےکہنا تھاکہ تحریک منہاج القرآن سیکریٹریٹ پر ہونے والی ریاستی دہشت گردی اور کارکنان کی شہادت پر مجلس وحدت مسلمین کے قائدین اور کارکنان کی جانب سے ہو نے والے اظہار ہمدردی پر میں آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، مشکل کی اس گھڑی میں مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے مکتب اہل بیت ع نے ہمارے ساتھ جو تعادن کیا وہ نا قابل فراموش ہے، اس موقع پر علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین ہر ظالم کے خلاف ہے اور ہر مظلوم کی حامی ہے، چاہے وہ ظالم شیعہ ہی کیوں نہ ہوں اور مظلوم کافر ، یہاں تو ہمارے کلمہ گو بہنوں اور بھائیوں پر ظلم و بربریت کا پہاڑ تو ڑا گیا، ریاستی ظلم و ستم کی ایسی داستان رقم کی گئی جس مثال پاکستان کی جمہوری تاریخ میں نہیں ملتی، مجلس وحدت پاکستان کی بقاءاور مظلوموں کی حمایت کے ہر محاز پر سب سے آگے موجود رہے گی، منہاج القرآن پر ریاستی حملے کے بعد مجلس وحدت کا رویہ اور کردار سیرت محمد و آل محمد ص اور تعلیمات اسلامی کا تقاضہ تھا۔