وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل و سیکرٹری امور خارجہ ڈاکٹرعلامہ سید شفقت حسین شیرازی نے شکار پور میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کو معصوم شہریوں کے جان و مال کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ حکمران اپنے پروٹوکول کی بجائے اگر عوام کے امن و عامہ کا خیال رکھتے تو آج اتنا بڑا سانحہ نہ ہوتا۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ یہ سانحہ بھی سانحہ پشاور سے کم نہیں ہے، جہاں پر بے گناہ نمازیوں کو جو کہ خداوند متعال کی عبادت میں مصروف تھے، ان کو ٹارگٹ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو چاہیے تھا کہ وہ فوجی عدالتوں کو ان دہشت گردوں کے مقدمات دے، تاکہ ان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، آخر کب تک یہ انسان نما درندے یونہی ملت پاکستان کے خون سے ہولی کھیلتے رہیں گے۔ ڈاکٹر علامہ شفقت شیرازی کا کہنا تھا کہ اگر اب بھی سندھ حکومت نے دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ روکنے کے لئے اقدامات نہ کئے تو پھر ہم یہ سمجھنے پر مجبور ہونگے کہ شاید وہ ان دہشت گردوں کو سیاسی شیلٹر مہیا کر رہی ہے۔