وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان اورممتازعالم دین علامہ حسن ظفر نقوی نے لاہور میں امام بارگاہ گلستان زہرا میں مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی حمایت میں ٹی وی چینلز پر زمین آسمان کے قلابے ملانے والے اور قوم کو دہشت گردوں سے ڈرانے والے اب کہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کلین شیو دہشت گردوں نے ایک طوفان اٹھا رکھا تھا کہ وزیرستان میں اگر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا گیا تو وہ شہروں پر حملے کریں گے، حساس تنصیبات کو نشانہ بنائیں گے لیکن جب پاک فوج کے عظیم جوانوں نے آپریشن ضرب عضب شروع کیا تو دہشت گردوں کے غبارے سے ہوا نکل گئی اور اب وہ منہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔
علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ ظالم حکمرانوں کا عبرت ناک انجام بہت جلد قریب ہے، تھر میں معصوم بچوں کی ہلاکتیں، لاہور میں نابینا افراد پر تشدد وہ نشانیاں ہیں جن سے واضح ہوتا ہے کہ جابر و ظالم حکمران اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران امریکہ کی چوکھٹ پر سجدہ ریز ہوتے ہیں اور اپنے اقتدار کی بھیک امریکہ سے مانگ رہے ہوتے ہیں لیکن اسی امریکہ کو شام نے ناکوں چنے چبوا دیئے ہیں اور شام میں دہشت گردوں کی شام ہونے والی ہے۔ علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ ان ظالم حکمرانوں نے عوام کو جینا دوبھر کر رکھا ہے، آئے روز عوام مسائل کی دلدل میں دھنستے چلے جا رہے ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں، کفر کی حکومت تو قائم رہ سکتی ہے ظلم کی نہیں، اور ظالم حکمران بہت جلد اپنا عبرت ناک انجام دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قوم ثابت قدم رہے، دہشت گرد اس قوم کی استقامت کے سامنے بری طرح ناکام ہوں گے، اس قوم کو 1400 سال سے مٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن یہ قوم زندہ ہے اور اس کے مٹانے والے مٹ گئے ہیں۔