وحدت نیوز(کراچی) پاکستان میں موجود وہ مدارس جو انتہا پسندی کو فروغ دے رہے ہیں، ان کیخلاف حکومت کی خاموشی اور عالمی سطح پر پاکستان پر دہشت گردوں کے معاونت کے الزامات قوم کے لئے لمحہ فکریہ ہیں، ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ آنے کے بعد حکومت کا دہشت گردوں کے خلاف کارروائی نہ کرنا دہشت گردوں سے ساز باز کی دلیل ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں سمیت تمام محب وطن طبقات کو طالبان، القاعدہ اور لشکر جھنگوی سے براہ راست خطرات ہیں، حکومتی صفوں سے ان گروہوں کی حمایت پاکستان کی سلامتی کیخلاف بھیانک سازش ہے۔ سید ناصر شیرازی نے کہا کہ یوم شہداء کے موقع پر ملک بھر سے عوام کا پاک فوج کی حمایت میں سڑکوں پر آنا اس بات کی دلیل ہے کہ پوری پاکستانی قوم دہشت گردوں کے مقابلے میں متحد اور ان ملک دشمنوں کیخلاف جنگ پر آمادہ ہے جبکہ طالبان دہشت گردوں کے حالیہ بیانات ان کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد پاکستانی قوم اور فوج سے مقابلے کی سکت نہیں رکھتے۔