وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری علامہ امین شہیدی نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ حکومت کو ملک میں معاشی اصلاحات کا فوری اعلان کرنا چاہیے۔ مزدور کی کم سے کم آمدنی موجودہ مہنگائی کو مدنظر رکھ کر طے کی جانی ضروری ہے تا کہ ملک کے یہ معمار باوقار طرےقے سے اپنی زندگی گزار سکے۔ مزدوروں کے نام پر سرکاری طور پر تعطیل کے محض اعلان سے ان کی داد رسی نہیں کی جا سکتی بلکہ ان بین الاقوامی قوانین پر عمل درآمد ضروری ہے جو پوری دنیا میں مزدوروں کے حقوق کے حوالے سے رائج ہیں تاکہ انہیں باوقار زندگی گزارنے کی ساری سہولیات میسر ہو سکیں۔ انہی عالمی قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنا کر ہم اپنی قوم کے ان معماروں کو تنگدستی و غربت کے شکنجے سے آزاد کرا سکتے ہیں جو ملک و قوم کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ان محنت کشوں کے خاندان اور بچوں کی بھی تعمیر کے لیے اشد ضروری ہے۔اس حوالے سے موجودہ حکومت کے اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔حکومت کی طرف سے مزدور کی کم سے کم طے شدہ اجرت موجودہ دور میں مضحکہ خیز ہے اور اس سے بھی بڑی بدقسمتی یہ ہے کہ اس پر بھی عمل درآمد بھی نہیں ہو رہا۔مختلف دیہی علاقوں میں اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے کو ماہانہ تین ہزار سے بھی کم دیا جاتا ہے جو بیگار کے زمرے میں آتا ہے۔اس طرح کی بہت ساری مثالیں موجود ہیں۔اس سلسلے میں قوانین میں سختی لانے کی ضرورت ہے۔