وحدت نیوز(مانٹرنگ ڈیسک) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نےنجی ٹی وی چینل کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے کئی ایک چہرے ہیں ، کراچی میں دہشت گردی سیاسی و مذہبی عناصر کا ملاپ ہے، ملک کے دیگر شہروں میں مذہبی انتہاپسند عوام کے قتل عام میں مصروف ہیں ، ملک میں قیام امن سیاسی جماعتوں کے عسکری اور عسکری جماعتوں کے سیاسی ونگ کے خاتمے تک ممکن نہیں ، اکیسویں آئینی ترمیم پر عمل درآمد میں دہشت گردوں کے سیاسی سرپرست بڑی رکاوٹ ہیں ، کراچی میں بلدیہ ٹاون فیکٹری میں آتشزدگی میں ملوث عنا صرکے خلاف بلاخوف و خطر کاروائی کی جائے، 270بے گناہ افراد کو قتل کرنے والا ایک شخص نہیں پورا گروہ ہے، کالعدم جماعتوں کی فعالیت آئین کی پامالی ہے، سول سوسائٹی کی جانب سے پر امن احتجاج جمہوری اور آئینی حق ہے، جسے کوئی نہیں چھین سکتا ، دہشت گرد کودہشت گرد نہیں تو کیا کہا جائے ۔