وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے کہا ہے کہ گذشتہ 6 دہائیوں سے ان حکمرانوں اور ان کے آباو اجداد نے اس ملک کو جس طرح سے لوٹا ہے آج اس کا حساب دینے کا وقت آگیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے انقلاب مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ میں اس دھرنے میں شریک ماوں، بہنوں، جوانوں اور بزرگوں کی ہمت، حوصلہ اور استقامت کو سلام پیش کرتا ہوں، یہ استقامت اس بات کی علامت ہے کہ آپ اللہ تعالٰی کی مدد سے ضرور کامیاب ہوں گے، پوری دنیا نے دیکھ لیا کہ گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران نہ کوئی طوفان آپ کا راستہ روک سکا، نہ کوئی بارش آپ کے قدم لڑکھڑا سکی، نہ پولیس کے پتھراو اور لاٹھی چارج نے آپ کو کمزور کیا، اور نہ حکومتی پروپیگنڈوں نے آپ کے قدموں میں کوئی لرزش پیدا کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکمران عوام کے پیسوں پر اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں، کئی ایم این ایز اور سینیٹرز نے اعتراف کیا کہ ہم کئی دنوں سے نہیں سو سکے، انہیں معلوم نہیں کہ اتنا بڑا جمع غفیر ان کی نیند ہی نہیں، انہیں اڑانے کیلئے آیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ 6 دہائیوں سے ان حکمرانوں اور ان کے آباو اجداد نے اس ملک کو جس طرح سے لوٹا ہے آج اس کا حساب دینے کا وقت آگیا ہے، یہ انقلابی بھوک و پیاس اور شدید بارش کے باوجود اپنے ملک کی تقدیر سنوارنے کیلئے ڈٹے ہوئے ہیں، ان حکمرانوں کے ہاتھ بے گناہوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔