وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین نے گلگت بلتستان کی نگران حکومت اور چیف الیکشن کمشنر کو مسترد کرتے ہوئے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اسلام آباد میں مجلس وحدت مسلمین کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ایم ڈبلیوایم کے مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات ناصر عباس شیرازی، اسد عباس نقوی سمیت دیگر کور کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔ کورکمیٹی کے اجلاس میں گلگت بلتستان کے الیکشن اور آئندہ کے اتحاد پر غور کیا گیا۔ اسلام آباد سے جاری اعلامیے کے مطابق، کورکمیٹی ایم ڈبلیو ایم نے گلگت بلتستان نگران حکومت اور الیکشن کمشنر کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ سیٹ اپ میں غیر جانبدار الیکشن ممکن نہیں ہیں۔ ترجمان ایم ڈبلیو ایم کا کہنا ہے کہ اٹھائیس جنوری کو اسلام آباد میں ہم خیال جماعتوں کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائیگا۔ کورکمیٹی کے ا جلاس سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ نگران حکومت کو ایسے افراد پر مبنی ہونا چاہیے جن کی ساکھ پر کوئی سوال نہ اٹھا سکے اور ان افراد میں شفاف الیکشن کرانے کی اہلیت ہو، الیکشن میں تاخیر کو بھی برداشت نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ نون لیگ کو کسی صورت الیکشن ہائی جیک نہیں کرنے دیں گے۔ اگر ایسا کیا گیا تو گلگت بلتستان کو جام کرکے رکھ دیں گے اور ملک بھر میں احتجاج کریں گے، مجلس وحدت مسلمین اس ساری تحریک کو لیڈ کریگی۔ انہوں نے کورکمیٹی کو بتایا کہ گلگت بلتستان کے الیکشن کے حوالے سے مسلم لیگ ق سمیت تمام اتحادی جماعتیں رابطے میں ہیں۔