وحدت نیوز(اسلام آباد) وفاق، پنجاب اور گلگت بلتستان میں نون لیگ کی حکومت ملت جعفریہ کیخلاف انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہے، ہم ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہونگے، دہشت گردی کی اس جنگ میں سب سے بڑی قربانی ملت تشیع نے دی، ہم نے اپنے 20 ہزار سے زائد پیاروں کی لاشوں کو کندھا دیا، لیکن پاکستان کی سلامتی پر آنچ تک نہیں آنے دی، طالبان کیخلاف آپریشن کا مطالبہ روز اول سے ہمارا ہی تھا، ہم نے ان درندہ صفت دہشت گردوں سے مذاکرات کو شیطان سے مذاکرات قرار دیا، جو آج سچ ثابت ہوئے، ملت جعفریہ کیخلاف نون لیگ کی انتقامی کارروائیاں دراصل آپریشن ضرب عضب کو متاثر کرنا ہے، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مہدی عابدی نے مرکزی رہنماوں کے ہنگامی اجلاس سے خطاب میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے سہولت کار اور ان کے سیاسی سرپرست تو پنجاب کابینہ میں وزارت کے مزے لوٹ رہے ہیں، ستم ظریفی کی بات یہ ہے کہ دہشت گرد مخالف قوتوں کو تختہ مشق بنایا جا رہا ہے، ہم اس ظلم و بربریت کیخلاف ہر قسم کا جمہوری حق استعمال کریں گے، انہوں نے کہا کہ علامہ محمد امین شہیدی کی اتحاد بین المسلمین کے لئے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، ملی یکجہتی کونسل اور اسلامی نظریاتی کونسل میں اُن کی موجودگی اس بات کی دلیل ہے کہ وہ انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے سب سے بڑے مخالف ہیں، پنجاب حکومت میں شامل دہشت گردوں کے ہمدرد وزیر کی ایما پر سراسر جھوٹ اور بے بنیاد قتل کا مقدمہ درج کروایا گیا، جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ اس جھوٹی ایف آئی آر کے آڑ میں علامہ امین شہیدی کی گرفتاری ملت تشیع کی شہ رگ پر ہاتھ ڈالنے کے مترادف ہوگا۔