وحدت نیوز (قم المقدسہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری امور خارجہ وڈپٹی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے قم المقدس سے جاری ایک بیان میں نے کہا کہ یمن پر سعودی جارحیت دراصل سعودیہ کی خطے میں تسلط قائم رکھنے کی سازش کا حصہ ہے۔ یمنی عوام اپنے حقوق کے لئے پرامن جدوجہد کر رہی تھی جو کہ ان کا بنیادی حق ہے۔ سعودی عرب یمن کی عوام کے خون سے ہولی کھیل رہا ہے جس کا خمیازہ اسے بھگتنا پڑے گا۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر صاحب نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی مسلمان سے کعبۃ اللہ کو خطرہ نہیں ہے خطرہ دارصل سعودی حکمرانوں کو اپنی شہنشایت اور محلات کا ہے جس کے لئے وہ مقدسات کی آڑ میں بے گناہ مسلمانوں کا قتل عام کر رہے ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ سعودی شہزادوں نے ہمیشہ سے اپنے مخالفین اور حریت کے لئے اٹھنے والی تحریکوں کو دبانے کے لئے مقدس مقامات کا سہارہ لے کر ان کا بے دریغ قتل عام کیا ہے لہذا امت مسلمہ اور خاص طور پر سعودی عرب کے اتحادیوں کو جان لینا چاہیے کہ یہ جنگ مقدسات کی جنگ نہیں ہے بلکہ یہ شہنشایت کو دوام بخشنے کے لئے لڑی جانے والی جنگ ہے۔ اتحادیوں کو چاہیے کہ وہ خواہ مخواہ یمنی عوام کے خون سے اپنے ہاتھوں کو رنگین نہ کریں اور ملت یمن کی نفرت میں اضافہ نہ کریں۔