وحدت نیوز(اسلام آباد) پاکستان پر خدا کی خاص نعمتوں کا نزول ہے، ایٹمی قوت کا حصول بھی کسی نعمت خدا وندی سے کم نہیں ، حکمرانوں نے ہمیشہ کفران نعمت کیا ،اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی طاقت پاکستان کو عالمی استعماری قوتوں کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہیئے ،فوج اپنے محب وطن عوام پر بھروسہ کرے، دشمن کے دانت کھٹے کرنے کا ہنر پاکستانی عوام اور پاک فوج بخوبی جانتے ہیں ، ایٹمی اساسے پاک فوج کے محفوظ ہاتھوں میں ہیں ، حکمران سیاسی جماعتیں اپنی ایٹمی حیثیت کو پہچانیں ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے یوم تکبیر پر مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے بیان میں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 28مئی 1998کا دن تاریخ میں روز روشن کی طرح عیاں ہے، بھارتی جارحیت کے منہ توڑ جواب میں پاکستان کی جانب سے ایٹمی دھماکوں نے عالم اسلام کا سر فخر سے بلند کر دیا، ذوالفقارعلی بھٹو کا ایٹمی پروگرام پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے لئے تھا لیکن موجودہ حکمرانوں نے اس نعمت کا کفران کیا، مسلم لیگ نون ہو یا پیپلز پارٹی کسی نے بھی پاکستان کو ایک طاقتور ،خودمختار اور با صلاحیت مملکت کی حیثیت سے دنیا کے سامنے متعارف کروانے کی کبھی کوشش نہیں کی ، ہمارے حکمران ہمیشہ عالمی قوتوں کے دروازوں پر خالی کشکول لیئے نظر آتے رہے، ذرمبادلہ کے ذخائرمیں اضافے کے لئے ہمیں بیرونی خیرات کی ضرورت رہی،اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی طاقت استعماری طاقتوں کے سامنے کشکول تھامے کھڑی رہے یہ باعث شرم ہے، ایٹمی طاقت کے حصول کا مطلب فقط ایٹم بم کا مالک ہونا نہیں ہوتااس ایٹمی قوت سے ہمارے حکمران پاکستان کو درپیش توانائی کے مسائل کا حل تلاش کر سکتے تھے، یہی ایٹمی قوت ہمارے ملک کی عوام کی خوشحالی اور ترقی میں معاون ثابت ہو سکتی تھی لیکن بد نیت حکمرانوں نے اس عظیم ایٹمی قوت کو ریاست، اداروں اور عوام پر بوجھ بنا کر چھوڑ دیا، آج ہمیں اپنی ایٹمی اساسوں کے صحیح سمت میں استعمال کی ضرورت ہے، گو کہ ہمارے ایٹمی اساسے پاک فوج کے محفوظ ہاتھوں میں ہیں لیکن عوام کو درپیش چیلنجز سے نپٹنے کے لئے ہماری ایٹمی طاقت مددگار ثابت ہوسکتی ہے ۔