وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی میڈیا سیکریٹری سید مہدی عابدی نے کالعدم تنظیموں کی جانب سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کو دھمکیاں دیے جانے کے خلاف سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزیرنے پاکستانی مدارس کے حوالے سے جو بیان دیا وہ حقیقت کا عکاس ہے۔ وفاقی وزیر ایک منجھے ہوئے صحافی اور ماہر سیاستدان ہیں۔انہوں نے مدارس کے حوالے سے منافقانہ طرز عمل اختیا ر کرنے کی بجائے دو ٹوک اور واضح موقف اختیار کیاجو ان کی پیشہ وارانہ دیانتداری ہے ۔مدارس کے حق میں آواز بلند کرنے والوں کو چاہیے کہ وہ مدارس میں اصلاحات لے کر آئیں اور وہاں حقیقی اسلام کی تعلیم دی جائے تا کہ کسی کو مدارس کے خلاف بات کرنے کا موقعہ نہ مل سکے۔ مہدی عابدی نے کہا کہ وفاقی وزیر کو دھمکیاں دینے والے عناصر کے مدارس سے مفادات جڑے ہوئے ہیں ۔یہ دینی ادارے ان کی آمدن کے سب سے بڑے مراکز ہیں یہی وجہ ہے کہ یہ لوگ مدارس کے خلاف بات سننے کو تیار نہیں۔حکومت کو چاہیے کہ ان مدارس کی آمدنی کا آڈٹ کرے اور اس کے ساتھ ان ملک دشمن قوتوں کے خلاف بلاتفریق کاروائی کی جانی چاہیے جو اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے ریاست کو چیلنج کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر کے خلاف دھمکی آمیز بیانات دینے والے عناصر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ ان کالعدم تنظیموں سے وفاقی وزیر کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔