وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکر ٹری فلاح وبہبود نثارعلی فیضی نے کہا کہ تھر حکمرانوں کے لیے ایک آئینہ ہے جس میں وہ اپنی امارت اور عوام کی غربت کے تضاد کو دیکھ سکتے ہیں سندھ میں موجود وڈیرہ ازم اور جاگیر دارانہ نظام آج بھی حکمرانوں کو عوامی مسائل سے نا بلد رکھے ہوئے ہے اور اس کا نتیجہ ہے کہ لوگ بھوکھے پیاسے مر رہے ہیں حکمرانوں کو اپنی کرسی،وزار تیں اور اقتدار سے بڑھ کر کچھ بھی عزیز نہیں پاکستان پیپلز پارٹی جسکا نعرہ ہی روٹی ،کپڑا اور مکان ہے اسی کے گڑھ سندھ میں لوگ بھوک اور غربت سے مر رہے ہیں انکا کوئی پرسان حال نہیں ہے جو اسکی کار کردگی پر سوالیہ نشان ہے اور آج کھوکھلے نعروں اور نا پختہ لیڈر شپ کی غیر سنجیدہ تقریروں تک محدود ہو کر رہ گئی ہے کوئی عملی اقدامات نظر نہیں آرہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کیا ۔نثار علی فیضی نے کہا کہ ہر بار نمائشی دورے کیے جاتے ہیں اور عوام کی مفلسی کا پوری دنیا کے سامنے مذاق اڑایا جاتا ہے وزیر اعلی سٹیج پر سو کر اپنی بے فکری ولاپرواہی کا ثبوت دیتے ہیں تھر میں لاکھوں عوام ایسی ہی کسمپرسی کی زندگی گزار رہی ہے اور آئے دن بھوک وافلاس سے جانیں ضائع ہو رہی ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت سند ھ کو بلخصوص اور وفاقی حکومت کو بالعموم اس سلسلے میں نہ فقط فوری طور پر بلکہ دورس نتائج کے حامل منصوبوں کا آغاز کرنا چاہیے۔مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی اور ضلعی عہدیداران بھی عوام کی مشکلات کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنے میں کوئی کمی نہیں لا رہے۔