وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ نون لیگ اور پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے اس قوم کو ہمیشہ لاشوں کے تحفے دیے۔ یہ دونوں پارٹیاں جب بھی اقتدار میں آئیں ملک میں دہشت گردوں کو کھلی چھوٹ مل گئی۔ سانحہ صفورا جیسی بربریت دیکھنے کے بعد بھی اگر ہماری آنکھیں نہ کھلیں تو اس ملک میں صرف دہشت گردوں کا راج ہوگا۔ وہ مختلف علاقوں سے آئے ہوئے علماء کے وفود سے ملاقات کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت دہشت گردی کے خاتمے میں سنجیدہ ہے تو پھر ملک بھر کے ان تمام مراکز کے خلاف بھی آپریشن کرے جہاں دہشت گردی کا نصاب پڑھایا جاتا ہے۔ جب تک یہ دہشت گرد ساز فیکڑیاں بند نہیں ہوں گی، تب تک ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ممکن نہیں۔
انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کے اس بیان کو سراہا کہ سانحہ صفورہ میں ملوث تمام دہشت گردوں سمیت ان کے سہولت کاروں کو بھی کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے افواج پاک کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ اس سلسلے میں حکومت کو بھی چاہیے کہ قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہو کر فیصلہ سازی کرے۔ کراچی میں رونما ہونے والے اتنے بڑے سانحہ کے بعد گلگت بلتستان کے لوگ یہ سوچنے پر مجبور ہیں کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون اگر اقتدار میں آجاتے ہیں تو پھر ہماری یہ پُرامن وادی بھی کراچی و کوئٹہ کی طرح آگ و خون کے شہر میں تبدیل نہ ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پورے ملک میں امن کے خواں ہیں۔ پورے پاکستان کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑنے والے موقع پرست سیاستدانوں کی اس علاقے میں کوئی جگہ نہیں۔ ہم گلگت بلتستان ان کے حوالے کرکے اس کو جہنم نہیں بنا سکتے۔