وحدت نیوز(لاہور) پنجاب پولیس نے گذشتہ رات ڈی ایس پی مسلم ٹاؤن خواجہ زاہد عباس کی سربراہی میں مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری سمیت دیگر رہنماؤں کی گرفتاری کے لئے ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹریٹ کا محاصرہ کئے رکھا۔ ایک گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے پولیس محاصرہ کے دوران پولیس والے علامہ ناصرعباس جعفری سمیت دیگر رہنماؤں کے بارے میں پوچھتے رہے، تاہم علامہ ناصر عباس جعفری سمیت دیگر رہنماؤں کے دفتر میں موجود نہ ہونے پر محاصرہ ختم کر دیا اور پولیس واپس چلی گئی۔ ایم ڈبلیو ایم کے قائدین نے کہا ہے کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، ہمیں ان گرفتاریوں اور ان ہتھکنڈوں سے نہیں ڈرایا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری درس گاہ کربلا ہے جہاں سے حریت کا درس ملتا ہے، ہم کسی بھی یزید کے سامنے نہیں جھکیں گے، یزیدان وقت کی بربادی کا وقت آچکا ہے اور حکومت کے یہ اوچھے ہتھکنڈے ہمارے ہماری جدوجہد سے باز نہیں رکھ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم انقلاب کی جدوجہد میں ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ ہیں۔