وحدت نیوز ( راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی موثر جدوجہد کے نتیجے میں ریجنل پو لیس آفیسر راولپنڈی نے سانحہ راجہ بازار کی آڑ میں گرفتار کئے گئے بیشتر اسیروں کو کو رہا کر دیا اورایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ شفقت شیرازی کو یقین دہانی کرائی گئی کہ آئندہ پولیس کسی بھی صورت میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال نہیں کرے گی ، رہائی پا نیوالوں میں سید عمار شاہ ، اکمل شاہ ، کامران شاہ، تنویر بٹ ناصر حسین، بلو سمیت دیگر اسیر شامل ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ شفقت شیرازی کی سربراہی میں میجر ریاض اور ملک تاج محمد اور اسیران کی رہائی کے تشکیل دی جانیوالی پانچ رکنی کمیٹی کے دیگر اراکین کے ہمراہ آر پی او راولپنڈی عمر حیات لالیکا سے ملاقات کی تھی ، انہوں نے اس موقع پر بے گناہ شیعہ افراد کی گرفتاری پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ۔
علامہ شفقت شیرازی نے آر پی او راولپنڈی کو بتایا کہ بے گناہ شیعہ نوجوانوں کی گرفتاری کے لئے کی جانیوالی چھاپہ مار کاروائیوں کے دوران چادر اور چادر ی کا تقدس پامال کر رہی ہے جبکہ بعض علاقوں سے پولیس کی جانب سے گھروں میں داخل ہو کرنقدی اور قیمتی سامان اٹھانے کی بھی اطلاعات ملی ہیں ، آر پی اور عمر حیات لالیکا نے انہیں اس صورتحال کا فوری نوٹس لینے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آئندہ پولیس کس بھی صورت میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال نہیں کرے گی ، جس کے بعد انہوں نے بے گناہ اسیروں کی رہائی کے حکامات جاری کئے ۔ علامہ شفقت شیرازی نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم راجہ بازار کے المناک سانحہ کی تحقیقات اور حقائق کو منظر عام پر لانے کیلئے پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی ۔