وحدت نیوز(اسلام آباد) دو ہفتے کی طویل اور سخت جدوجہد پر تمام غیور ماوں ، بہنوں ، بیٹیوں ، بزرگوں اور جوانوں کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں ، ظلم کے خلاف قیام کرنے والے انشاءاللہ جلد سرخرو ہوں گے، مظلوموں کی اسقامت سچائی کی گواہی ہے،پاکستان میں وحدت کے سفر کا آغاز ہو چکا ہے، کل کا سورج پاکستانی قوم کو ایک باوقار ، مظبوط اور خودمختار قوم بنائے گا ،بیس کروڑ مسلمانوں کی واحد ایٹمی ریاست پاکستان جہان اسلا م کی رہبری کرے گا،ہماری جدوجہد آئینی ، قانونی اور جمہوری ہے ، انشاءاللہ فتح ہمارا مقدر ہے، حوصلوں اور اعصاب کی جنگ کا فیصلہ کن مرحلہ کل ہو گا، ان خیالات کااظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصرعباس جعفری نے خیابان سہروردی اسلام آباد میں جاری انقلاب دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر علامہ ڈاکٹر طاہر القادری ، صاحبزادہ حامد رضا، چوہدری شجاعت حسین اور دیگر مذہبی وسیاسی جماعتوں کے قائدین بھی موجود تھے۔
ان کاکہنا تھا کہ جمہوریت کا راگ الاپنے اور واویلہ کرنے والوں کو کسی صورت ظلم و جبرکا رویہ زیب نہیں دیتا، کیا جمہوریت انسانی حقوق کی پامالی ، عوامی قتل عام، ٹیکس چوری، کرپشن اور لوٹ مار کی اجازت دیتی ہے،کیانہتی عوام پر گولیاں چلانا، خواتین کے منہ پر گولیاں برساناجمہوری طرز عمل ہے، آج غزہ کامرثیہ پڑھنے والوں کو لاہور کی غزہ کیوں نظر نہ آئی ،جہاں ایک ہفتے تک مظلوموں پر کھانا پانی بند رہا، انہوں نے مذید کہا کہ نواز شریف بڑا اور شہباز شریف چھوٹا قاتل ہے، دونوں کا مقدر جیل ہے، نواز شریف اور شہباز شریف خود کو قانون کے حوالے کریں، عدالت نے ان کے خلاف فیصلہ دیا ہے،تاریخ گواہ ہے جو بھی ظالم گزرہ ہے وہ انتہا کا بزدل گزراہے،شہداء کا خون ہم سے تقاضہ کرتا ہے کہ ان کے خون کو رائیگاں نہ جانے دیا جائے، انہوں نے کہا کہ کل پاکستان کی تاریخ کا عظیم دن ہے، پوری مظلوم پاکستانی قوم بلاتفریق ظلم و جبر کے نظام سے جنگ کے لئے اسلام آباد پہنچے۔