وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے گلگت بلتستان کے عوام کے خلاف موجودہ حکمرانوں کے ظالمانہ اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جی بی کی عوام کو گندم پر دی جانے والی سبسڈی کے خاتمے کو ہم غریب کش اقدام سمجھتے ہیں، آئینی حقوق سے محروم یہ خطہ محب وطن اور پاکستان دوست خطہ ہے، یہاں کے جفاکش عوام کے دلوں میں پاکستان سے محبت اور ملک دشمنوں کیخلاف سخت نفرت پائی جاتی ہے، استحصالی حکمرانوں نے اس خطہ میں کرپشن، اقرباء پروری کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے گندم پر دی جانے والی رعایت کو چھین کر اس محروم طبقے پر ایک اور ظلم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے باشعور عوام جس میں تمام مکاتب فکر شامل ہیں، نے متحد ہو کر آواز بلند کی ہے اور ہم اس کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے 15 اپریل کو گلگت بلتستان عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات پر عمل درآمد نہ ہوا تو مجلس وحدت مسلمین عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاجی مظاہروں کو گلگت بلتستان تک محدود نہیں رہنے دے گی بلکہ پورے پاکستان میں گلگت بلتستان کے عوام کے حق میں مظاہرے ہونگے۔